فیصل آباد : ٹی ایم اے لائل پور ٹائون کی غفلت کی وجہ سے ہجویری ٹائون جالندھریاں والی مارکیٹ میں تجاوزات کی بھرمار، سری پائے اور مرغی فروشوں کی گندگی کے باعث لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں میں جا پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق سری پائے اور مرغی فروشوں نے سڑک پر پھٹے لگا کر مضر صحت گوشت فروخت کرنے کا دھندہ شروع کر رکھا ہے جس میں صفائی کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا، گوشت خراب ہونے کی وجہ سے بدبو کے باعث سڑک پر گزرنا محال ہو چکا ہے۔ شہریوں نے کئی دفعہ اس گندگی بارے انتظامیہ کو بتایا مگر تاحال کسی نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ان تجاوزات اور گندگی کی وجہ سے جھگڑے بھی ہو چکے ہیں۔ تجاوزات قائم کرنے والے دوکاندار دعویٰ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم ہزاروں روپے ماہانہ بھتہ دیتے ہیں اس لیے آپ جتنی مرضی درخواستیں دے دیں۔ ہمارے خلاف کوئی آپریشن نہیں ہو گا اس سلسلہ میں ہجویری ٹائون کی سماجی شخصیت ملک نواز کی صدارت میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں افضل انصاری، حکیم ذوالفقار، یونس انصاری، میاں خالد لطیف، ملک سرور سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور فیصلہ کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر تجاوزات اور گندگی کا خاتمہ نہ کرایا گیا تو ہم ڈی سی او دفتر اور فیصل آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کرینگے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر صحت پنجاب، ڈی سی او فیصل آباد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ٹی ایم او لائل پور ٹائون سے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقے میں گندگی پھیلانے والے سری پائے اور مرغی فروشوں کیخلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے اور تجاوزات کا بھی خاتمہ کرایا جائے۔