ٹی ایم اے حکام کی عملہ صفائی غائب ہونے پر پر اسرار خاموشی
Posted on March 13, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ : حکومتی ہدایات کے برعکس جھنگ کے سب سے بڑے و مرکزی محلہ سلطان والا کے علاقوں سمیت شہر کے مختلف مقامات پر گندگی کے ڈھیروں، بند نالیوں، ابلتے گٹروں کے باعث متعدی و موسمی امراض پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ ٹی ایم اے حکام نے عملہ صفائی کے غائب ہونے پر پر اسرار چپ اختیار کرلی ہے جس کے باعث اندرون شہر ہر گلی محلے میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ہیں اور شہر میں صحت و صفائی کا سنگین بحران پیدا ہو رہا ہے۔
دوسری جانب اہلیان علاقہ کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اور نمازیوںو خواتین کو بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے جس پر انہوںنے ڈی سی او جھنگ سمیت دیگر حکام سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ خادم اعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف، کمشنر فیصل آباد ڈویژن سمیت دیگر حکام ایک جانب ڈینگی وائرس کے پھیلائو کا موجب بننے والے لاروا کی پیدائش کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر تمام علاقوں میں صحت و صفائی کی صورت حال پر ہنگامی بنیادوں پر خصوصی توجہ دینے کے احکامات جاری کر رہے ہیں جس کے تحت ٹی ایم ایز کے عملہ کو اپنے اپنے علاقوں میں فوری طور پر گندگی کے ڈھیر صاف کرنے ، گھریلو صارفین کا کوڑا کرکٹ بروقت ٹھکانے لگانے ، نالیوں ، گٹروں وغیرہ کی صفائی اور گندے پانی کے جوہڑوں کے فوری خاتمہ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے مگر دوسری جانب جھنگ میں نااہل ، بے حس ، لاپروا ہ ، کرپٹ ٹی ایم اے حکام نے مذکورہ حکومتی ہدایات کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے۔
حتیٰ کہ شہر کے مرکزی علاقہ محلہ سلطان والا جھنگ صدر میںپیپل والا چوک ، سلیمی سٹریٹ ، جامع مسجد اہلحدیث ، جامع مسجد نور مصطفی سٹریٹ ، پروفیسر نقوی چوک سمیت اکثر علاقوں میں ڈینگی پھیلنے کا شدید خطرہ پیداہوگیاہے جہاں بند نالیوں ، ابلتے گٹروں ، گندے پانی کے جوہڑوں نے اہلیان علاقہ کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور نمازیوں و خواتین کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مگر ٹی ایم اے جھنگ کے کرپٹ ترین چیف سینٹری انسپکٹر ، نااہل ترین ٹی ایم او سمیت تمام متعلقہ حکام لمبی تان کر سو گئے ہیں۔
جبکہ عملہ صفائی افسران کی ذاتی خدمت پر مامورکئے جانے کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں وائٹ کالر بابو سینٹری ورکرز گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کررہے ہیں اور شہریوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیاگیاہے۔ معلوم ہواہے کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر جھنگ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت شہر کے تمام مقامات ، گلیوں، محلوں ، بازاروں میں مکانات وغیرہ کا ملبہ گرانے پر سختی سے پابندی عائد کر رکھی ہے مگر یہ پابندی صرف کاغذی کاروائی تک محدود ہے اور محلہ سلطان والا جھنگ صدر میں پیپل والا چوک اور گردو نواح کے علاقوں میں جگہ جگہ ملبے کے ڈھیر موجود ہیں جو نالیوں کی بندش کا باعث بن رہے ہیں۔
سلیمی سٹریٹ ، پیپل والا چوک اور جامعہ مسجد اہلحدیث سٹریٹ سمیت دیگر گلیوں میں نالیاں گاب سے اٹی پڑی ہیں جنہیں نکالنے کا کوئی انتظام نہ ہے۔ یہاں یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ اہلیان علاقہ نے کئی بار چیف سینٹری انسپکٹر ٹی ایم اے جھنگ کو صورتحال سے آگاہ کیاہے جس پر وہ تقریباً ہفتہ بعد ایک سینٹری ورکرکو علاقہ میں بھجوا دیتے ہیں جس کے پاس ٹنڈ منڈ جھاڑو اور سائیکل کے ٹوٹے مڈگارڈ کے علاوہ کوئی آلات نہ ہوتے ہیں اس طرح وہ خانہ پری کر کے فرائض سے عہدہ برآء ہو جاتاہے۔
اہلیان علاقہ نے کہاکہ جب تک ٹی ایم اے جھنگ کے 10،12 سینٹری ورکرز کے مکمل سکواڈ سمیت کسّی اور دیگر آلات سے لیس عملہ صفائی کے ارکان سلیمی سٹریٹ ، پیپل والا چوک ، جامعہ مسجد اہلحدیث سٹریٹ اور دیگر تمام ملحقہ گلیوں کے دونوں اطراف نالیوںمیں موجود ایک ایک فٹ گاب نہیں نکالتے اس وقت تک گندے پانی کے نکاس میں مدد نہیں مل سکتی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com