وزیرآباد : ٹی ایم اے کی ملکیتی قیمتی دکانیں مافیا نے نئے کرایوں پر نہ چڑھنے دیں۔ ٹی ایم اے میں موجود کرپٹ مافیا نے دکانیں پرانے کرایوں داروں سے خالی کروانے کی بجائے انہیں معاملہ کو عدالت میں الجھانے کیلئے بھرپور معاونت کی اور پرانے کرایوں داروں سے مبینہ طور پر بھاری رقوم لیکر حصہ ٹی ایم او کو پہنچایا۔
ٹی ایم اے ملکیتی دکانیں جہاں مارکیٹ ویلیو سے انتہائی کم کرایہ پر کئی برسوں سے چند افراد براجمان ہیں جن کا چند سو روپے کرایہ خزانہ سرکار میں جمع کروایا جاتا ہے۔
ان دکانوں کی ازسر نو نیلامیوں کا عمل شروع کیا گیا تو بولی دہندہ افراد نے 2ہزار روپے ماہوار پر کرایہ پر دی گئی دکانوں کی 30 ہزار روپے سے بھی زائد بولیاں دیں مگر ٹی ایم او آفس کے کرپٹ ملازمین اور ان کی سرپرستی کرنے والی ٹی ایم او نے بولیوں پر دکانیں نئے خواہشمندوں کو دینے کی بجائے معاملہ کو لٹیگیشن میں الجھوا دیا۔
مارکیٹ ویلیو کے مطابق کرایہ پر دکانیں حاصل کرنے کے نئے خواہشمند افراد نے بتایا کہ انہوں نے قومی اخبارات میں آنے والے اشتہارات کے مطابق قانونی حیثیت سے بولی میں حصہ لیا اور ہزاروں روپے کی سی ڈی آر وغیرہ بھی جمع کروارکھی ہیں مگر بولی کا عمل کامیاب نہیں ہونے دیا گیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ خاتون ٹی ایم او اور عملہ نے پرانے کرایوں داروں کی مبینہ ملی بھگت سے نئی نیلامیوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا پرانے قابضین سے ہزاروں روپے رشوت لیکر انہیں کیس دائر کرنے کیلئے معاون دستاویزات بھی فراہم کی گئیں۔
اس سے نا صرف انہیں نقصان پہنچایا گیا ہے بلکہ اشتہارات کی مد میں محکمہ کے لاکھوں روپے ضائع کرنے کے علاوہ، نئی قیمتوں پر دکانیں نہ دیکرکم ریونیو ملنے سے ٹی ایم اے کو لاکھوں روپے سالانہ کا مستقل نقصان پہنچایا جارہا ہے اور ۔ عوامی، سماجی حلقوں، متاثرہ افراد نے ٹی ایم او اور کرپٹ عملہ کیخلاف کاروائی اور ٹی ایم اے ملکیتی دکانوں کو اشتہار کیمطابق نئی بولیوں پر دینے کا مطالبہ کیا ہے۔