کراچی (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے تحصیل میونسپل آفس سیہون کے 3 افسران کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کر دیا۔
نیب نے ٹی ایم او سیہون کے تین افسران ظہور شاہانی، رحمت اللہ میمن اور ادریس میمن کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔
اس موقع پر نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کرپشن اور ترقیاتی منصوبوں کی رقم خرد برد کرنے میں ملوث ہیں اس لئے ان سے تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ پر تحویل میں دیا جائے۔
عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سیہون میں کارروائی کرتے ہوئے تینوں افسران کو حراست میں لیا تھا۔