ٹوبہ ٹیک سنگھ (جیوڈیسک) ریسکیو 1122 ٹوبہ ٹیک سنگھ کو سال 2014کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 78 ہزار 219 فون کالیں موصول ہو ئیں، جن میں صرف 8 ہزار 249 کالیں ایمر جنسی کے متعلق تھیں جبکہ ایک لاکھ 69 ہزار 970 رانگ کالیں تھیں ،جو صرف عملہ کو تنگ کر نے کیلئے کی گئیں۔ ڈسٹر کٹ ایمر جنسی آفیسر میاں فراز منیر نے سالانہ کار کردگی کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ عوام کی طرف سے انتہائی ایمر جنسی ادارے کو بھی 98 فیصد فضول کالز کی گئیں جو کہ ایک بڑا معاشرتی المیہ ہے
ریسکیو 1122 عوامی خدمت کا ادارہ ہے اور کوئی بھی ادارہ عوامی تعاون کے بغیر نہیں چل سکتا، اس لیے عوام کو چاہیے کہ ریسکیو 1122 کو کوئی غلط اطلاع دے کر عملے کا وقت نہ ضائع کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو عملہ نے گزشتہ سال مجموعی طور پر 8249 ایمر جنسی ڈیل کیں ،جن میں 2530 ٹریفک حادثات، 4562 میڈکل، 427 لڑائی جھگڑوں کے واقعات اور بم بلاسٹ کی 2 اطلاعات موصول ہو ئیں۔
انہوں نے بتایا کہ سال بھر کے دوران ریسکیو عملہ نے مجموعی طور پر 9794 مریضوں کو ڈیل کیا، جن میں سے 1771 کو موقع پر طبی امداددے کر فارغ کیا گیا جبکہ 7314 کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور 377 افراد کو سیلاب سے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔ اس موقع پر سیفٹی آفیسر بشارت حمید، کنٹرول روم انچارج اخلاق احمد فاروقی اور میڈیا فوکل پرسن خرم شہزاد بھی موجود تھے۔