ٹوبہ ٹیک سنگھ کی خبریں 16/03/2015

Toba Tek Singh

Toba Tek Singh

ٹوبہ ٹیک سنگھ (میاں سعود احمد سے) بیرون ملک مقیم میاں بیوی کے مابین چپقلش کے تنازعہ پر لڑکی کے ورثاء نے لڑکے کے گھر پر دھاوا بول دیا، قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق نواحی چک نمبر 309گ ب کے محمد شہزا د ولد محمد شفیق نے بتایا کہ اسکے بھائی وقاص شفیق کی شادی سال 2011ء میں مسماة نیلم منیر کے ساتھ ہوئی جو شادی کے بعد انگلینڈ چلے گئے ،اور تاحال وہیں مقیم ہیں ،لیکن اولاد نہ ہونے کے باعث دونوں کے مابین ناراضگی اور ناچاقی پیدا ہوگئی ،اسی رنجش کی بناء پرپاکستان میں مقیم نیلم منیر کے ورثاء کے ایما ء پر 5مسلح نامعلوم ملزمان 25اور 26دسمبر 2014کی درمیانی شب انکے گھر آئے اور دروازہ کھٹکھٹایا جب اس نے دروازہ کھولا تو ملزمان نے آتشیں اسلحہ سے خوفزدہ کرتے ہوئے اسے دھمکی دی کہ اگر انہوں نے وقاص شفیق کو انگلینڈ سے واپس نہ بلوایا تو وہ وقاص اور اسکے سارے خاندان کو قتل کردینگے ،اسی اثناء میں گھر کی بیٹھک میں بیٹھے محمد حفیظ اور محمد سہیل کے آجانے پر ملزمان قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ،تھانہ چٹیانہ پولیس نے نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 506,148/149ضمن 2ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ (میاں سعود احمد سے) ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،شہباز چوک ،لاری اڈہ ،سبزی منڈی ،غلہ منڈی ،علامہ اقبال روڈ سمیت پارکس اور شہر کے گنجان آباد علاقوں میں کھڑا بارش کا پانی ٹی ایم اے کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،اور بارش کے کھڑے پانی میں ڈینگی کی افزائش کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ، جبکہ بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ (میاں سعود احمد سے) شہر کے گنجان آباد علاقہ میں واقع سبزی و پھل منڈی مسائل کی آماجگاہ بن چکی ہے ،سبزی منڈی میں خریدو فروخت کیلئے لائی جانے والی اجناس کی گاڑیوں ،موٹر سائیکل رکشائوں اور گدھا ریڑھیوں کی لمبی لائنوں کے باعث انڈر پاس روڈ پراکثر ٹریفک جام رہتی ہے ،اوروہاں سے گزرنے والے طلبا و طالبات اور سرکاری ملازمین سمیت دیگر راہگیروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،گزشتہ روز برسنے والی موسلا دھار بارش کے بعد سبزی منڈی کیچڑ منڈی بن گئی ،اور وہاں خرید و فروخت کا سلسلہ بند رہا ،انجمن شہریاں کے صدر میاں محمد احسان الحق برکی ،مجلس مفاد عامہ کے صدر عارف جانباز قاضی اورعوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی و پھل منڈی کو فوری طور پر شہر سے باہر مجوزہ جگہ پر منتقل کیا جائے۔