آج 27 رجب کی شب ، شب معراج منائی جارہی ہے

 27 Rajab

27 Rajab

کراچی (جیوڈیسک) آج شب معراج منائی جارہی ہے، ستائیس رجب کی شب حضرت محمد مصطفی ﷺ کو معراج کا شرف عطا کیا گیا۔ آج رجب کی ستائیسویں شب ہے اِسی شب اللہ تعالی نے اپنی سب سے محبوب ہستی ،رحمتہ اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو آسمانوں کی سیر کرانے عالم آخرت دکھانے اور بالمشافہ اپنی زیارت و ملاقات کے لئے معراج کاشرف عطا کیا۔

معراج کے سفر کے دو حصے ہیں ، پہلے حصہ میں حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ساتھ بیت اللہ سے بیت المقدس کا سفر جس میں مختلف مقامات پر ٹھہرتے، نماز ادا کرتے ہوئے پہنچنا شامل ہے۔ دوسرا حصہ بیت المقدس سے تمام آسمانوں سے ہوتے ہوئے ، مختلف انبیا علیہ السلام سے ملاقات ،جنت اور دوزخ کے احوال دکھائے جانے اور تعالی کے دربار میں تن تنہا حاضری ، زیارت ، گفتگو اور امت کے لئے عطیہ خدا وندی پر مشتمل ہے۔

اس سفر میں بیت المقدس میں تمام انبیا علیہ السلام کی حاضری اور رسول اللہﷺ کی اقتدا میں نماز ادا کرنا بھی شامل ہے۔ اس شب اللہ تعالی کی جانب سے رسول خدا کو جو سب سے عظیم تحفہ عطا ہوا،وہ نماز ہے۔ آج کی شب ملک بھر کی مساجد میں خصوصی عبادات ہوں گی ، نوافل ادا کئے جائیں گے اور محافل کا اہتمام کیا جائے گا ، جس میں واقعہ معراج کی فضیلت بیان کی جائے گی۔