لاہور (جیوڈیسک) چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے کہا ہے کہ آج رات 12 بجے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی نئے نرخ پر فروخت یقینی بنائی جائے اور تیل کے زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر چیف سیکرٹری نویداکرم چیمہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ کمشنرز و ڈی سی اوز اپنے متعلقہ اضلاع میں آئل ڈپو سے پٹرول پمپ تک پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔
چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کو حکم دیا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے بعد عوام کو معاشی فائدہ پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کرایوں اور دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں بھی کمی یقینی بنائی جائے اور تمام کمشنرز و ڈی سی اوز پٹرولیم مصنوعات کی مقررہ نرخ پر فراہمی کے بارے میں روزانہ رپورٹ پیش کریں۔