کراچی (جیوڈیسک) آج ملک بھر میں شب برات انتہائی عقیدت اور احترام سے منائی جائے گی،خصوصی عبادات میں ملک کی ترقی ،خوشحالی،امن و استحکام کے لئے دعائیں کی جائیں گی۔ماہ شعبان کی پندرہویں رات کوشب برات کہاجاتا ہے۔
آج رات مساجد میں لوگ دعا ،استغفار اور نفلی عبادات کریں گے۔ علمائے کرام شب برات کی فضیلت اور اہمیت بیان کریں گے ۔اس موقع پر ملک کی ترقی ،خوشحالی،امن و استحکام ،دہشت گردی کے خاتمے اور عالم اسلام کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
شب بیداری کے دوران لوگ اپنے رب کے آگے سربسجود ہوکر توبہ استغفار کریں گے اوررزق میں کشادگی کی دعائیں مانگیں گے۔بڑی تعداد میں لوگ قبرستان جاکراپنے پیاروں کی مغفرت کی دعا کریں گے اور قبروں پرپھول چڑھائیں گے۔