آج ایک بار پھر 1947ء والا جذبہ قوم میں بیدار کرنے کی ضرورت ہے، چوہدری شجاعت، چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری مونس
Posted on August 14, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین، سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مرکزی رہنما مونس الٰہی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، آج ایک بار پھر 1947ء والا جذبہ قوم میں بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ یوم آزادی پر اپنے پیغامات تہنیت میں ان رہنمائوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر دل و جان سے عمل کرتے ہوئے ہمیں پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے نسلی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کو ختم کر کے ایک دوسرے کو گلے سے لگانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور یکجہتی کے تحفظ کیلئے محب وطن ناراض گروہوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے دوریوں کو قربتوں میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی صورتحال ہر پاکستانی کیلئے تشویشناک ہے، جگہ جگہ دہشت گردی کے واقعات، بداَمنی اور مہنگائی عوام پریشان اور رنجیدہ ہیں، آج اس امر کی بہت زیادہ ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کی بقا، ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے مل جل کر جدوجہد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی داخلی سلامتی اور بیرونی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنی کوتاہیوں اور خامیوں پر معافی مانگتے ہوئے صدق دل سے ملک و قوم کی خدمت کا عہد کرنا چاہئے اور اللہ تعالیٰ سے سلامتی، مضبوطی اور ترقی کیلئے دعا کرنی چاہئے۔