اسلام آباد (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں وقفہ وقفہ سے بارش ہو رہی ہے، ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج اور جمعہ کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ خیبر پختونخوا میں نوشہرہ ، بنوں میں صبح کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے، گلگت بلتستان کے علاقوں ہنزہ نگر اور غذر میں بارش سے گرد ونواح کی فضا دل فریب ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز لیہ ، گوجرہ ، بھکر ، ڈیری غازی خان ، گوجرانوالہ اور سيالکوٹ سمیت دیگر شہر وں ميں موسلا دھار بارش نے موسم کو انتہائی خوشگوار بنا ديا ہے ، جبکہ شہر کے بيشتر نشيبی علاقے زيرآب آگئے ہيں۔
قبائلی علاقے پاراچنار میں بارش کے بعد گرمی کم ہو گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے جمعہ تک اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ میرپور خاص، حیدرآباد اور کراچی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔