اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد محکمہ موسمیات نے آج سے ملک میں قبل ازمون سون بارشوں کی نوید سنادی، بارش کا سلسلہ شام کو شروع ہونے کی توقع ہے۔ منگل کی شام سے سندھ کے جنوبی علاقوں میرپور خاص، حیدرآباد اور کراچی ڈویژن میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی امید ہے، بدھ کو پنجاب کے شمال مشرقی علاقوں گجرات، گجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم اور منڈی بہاوالدین میں برسات کی توقع ہے۔
یہاں سے یہ سلسلہ جنوبی مشرقی بلوچستان یعنی مچھ، سبی اور بولان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے گرمی کی شدت میں کمی کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔
پیر کو سب سے زیادہ درجہ حرارت بھکر میں 49 سینٹی گریڈ رہا۔ دادو، دالبندین، بنوں میں 47 ، ڈیرہ اسماعیل خان، سرگودھا ، میانوالی، کوہاٹ اور ڈیرہ غازی خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔