اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمیں ابو بچاؤ مہم کی ضرورت نہیں مگر آج پاکستان نے بیٹا بچاؤ اولاد بچاؤ مہم دیکھی۔
اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ڈی چوک واقعے کا ذکر کیا اور کہا کہ مریم اورنگزیب نے چند درجن کرائے کے غنڈوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا، آپ نے بتا دیا کہ شیر شیر ہوتا ہے، گیدڑ کی جب موت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے، جب یہ پہلے پارلیمنٹ میں تھے تو یہی کرتے تھے اور آج حکومت میں ہیں تو وہی کچھ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے جھوٹا اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے، ایوان میں جو کچھ ہوا ، چور چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا، آپ کے دن گنے جاچکے ہیں، آپ سکیورٹی حصار میں ہوتے ہیں یہ سکیورٹی بھی جلد ختم ہوجائے گی۔
(ن) لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ ابو بچاؤ مہم پر نکلے ہوئے ہیں لیکن ابو بچاؤ مہم کی ہمیں ضرورت نہیں کیونکہ خود ابو کو مقابلے کے لیے دن رات ایک کرنا پڑا مگر آج پاکستان نے بیٹا بچاؤ اور اولاد بچاؤ مہم دیکھی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی ایک سیٹ کیا جیتے ان کے دماغی توازن خراب ہوگئے اور ان پر پاگل پن سوار ہوگیا، عوامی عدالت میں شکست ہوئی، عمران خان کو بچانے والے اب عوام کا فیصلہ مان لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج اسلام آباد میں جو کچھ ہوا وہ امریکا کے حالات کی طرح تھا، پاکستانی ٹرمپ نے جاتے جاتے خود کو بچانے کی کوشش کی لیکن یہ صبح گئے یا شام گئے، ان کا جانا ٹھہر گیا ہے، اس لیے چند روز کی مہلت ہے، عمران خان اچھی سی پیکنگ کریں، وزیراعظم ہاؤس میں کوئی چیز نہ چھوڑیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی سیاسی موت واقع ہوچکی، اب تجہیز و تدفین باقی ہے جسے پی ڈی ایم اور عوام مل کر اچھے طریقے سے کریں گے تاکہ یہ لاش قبر سے نکالنے کے قابل بھی نہ رہے۔