آج سے پیٹرول 2 روپے 94 پیسے اور ڈیزل 95 پیسے فی لیٹر سستا

Petrol

Petrol

اسلام آباد (جیوڈیسک) آج سے پیٹرول 2 روپے 94 پیسے اور ڈیزل 95 پیسے فی لٹر سستا ملے گا۔ حکومت نے اکتوبر کے لیے تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے کا فائدہ عوام کو منتقل کردیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی ہے۔ فیصلے کے بعد پیٹرول 2 روپے 94 پیسے سستا ہوکر 103 روپے 62 پیسے فی لیٹر کا ہوگیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت 95 پیسے کمی سے 107 روپے 39 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

مٹی کے تیل کے نرخ 1 روپے 31 پیسے کم ہوکے 95 روپے 68 پیسے فی لیٹر تک آگئے ہیں۔ لائٹ ڈیزل آئل 67 پیسے اور ایچ و بی سی 1 روپے 88 پیسے فی لیٹر سستا ہوگیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے سے نہ صرف مہنگائی کے ستائے عوام کو کچھ ریلیف حاصل ہوگا بلکہ عید قرباں سے قبل جانوروں کی نقل و حمل کے اخراجات بھی کم ہوں گے۔ ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میںکمی اور روپے کی قدر مستحکم رہنے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات سستی ہوئی ہیں۔