آج اور کل خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی

 Rain

Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات کی آج اور کل اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر ہر طرف برف ہی برف ہے، شہری علاقوں میں بارش سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔

چترال شہر اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری نے سردی کی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ لواری ٹاپ پر اب تک 5 فٹ اورلواری ٹنل پر ڈیڑھ فٹ تک برف باری ہوئی ہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کرم ایجنسی کے پہاڑوں پر برفباری اور مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں سے ایک بار پھر سردی بڑھ گئی ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں چمن، پشین اور قلعہ عبد اللہ سمیت گرد ونواح میں بارش نے سردی بڑھا دی ہے۔

کان مہتر زئی اور زیارت میں برفباری سے علاقے کی خوبصورتی مزید بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب کے مختلف علاقے اور کشمیر میں بارش کی توقع ہے۔ اتوار اور پیر کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، مری گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔