آج روایتی و عوام دشمن سیاستدانوں کا بیلٹ احتساب ہوگا محمد رئیس
Posted on May 10, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) لانڈھی کے حلقہ پی ایس 128سے سندھ اسمبلی کی صوبائی نشست کیلئے امیدوار محمد رئیس نے ارشاد احمد بھٹو مرزا عتیق بیگ محمد ذاکر’محمد سبطین اورحنیف وارثی و دیگر کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد و غیرجانبدار میڈیا نے عوام کو جو شعور عطا کیا ہے اس کی بدولت اب روایتی سیاستدانوں کیلئے جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے نعروں کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنانا ممکن نہیں رہا ہے۔
اسلئے انتخابات شفاف ہوئے تو اس بار بڑے سیاسی بت انقلاب کی لہروں میں غرق ہوجائیں گے۔ عوام محب وطن تعلیم یافتہ با صلاحیت اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی قیادت کا انتخاب کرینگے اور لانڈھی حلقہ پی ایس 128کے عوام اپنے ووٹوں کی قوت سے مجھے کامیاب بنائیں گے۔
کیونکہ میں لانڈھی کا مقامی اورعوام کے مسائل و دکھ درد سے آگاہ ہونے کے ساتھ ان محب وطن و تعلیم یافتہ نوجوانوں میں شامل ہوں جو عوام کی بہتری اور قومی ترقی کیلئے دیانتداری سے اپنا کردار ادا کرنے کے جذبے سے سرشار ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اس ملک کوکرپشن سے پاک طرز حکمرانی کے ذریعے مستحکم و ترقی یافتہ اور عوام کو خوشحال و آسودہ بنانے والے سابق صدر پاکستان پرویز مشرف اور ان کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ نے بھی میری حمایت کا اعلان کیا ہے۔