پشاور (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کا لیڈر کرپٹ ہو تو وہ قوم کو تباہ کردیتا ہے کیوں کہ جب لیڈر خود چور ہو تو ملکی اداروں کو کیسے آزاد ہونے دے گا لیکن میاں صاحب اب اپنے امپائر بھی کھڑے کردو لیکن شکست آپ ہی کی ہوگی۔
پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بنوں کے جلسے میں اکرم خان درانی نے بہت فنکاریاں دکھائیں، میاں صاحب جب حکم کریں میں بنی گالہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا اور خیبرپختونخوا کی حکومت بھی گرا سکتا ہوں لیکن مجھے یہ تو بتائیں کہ آپ یہ حکومت کیسے گرائیں گے، کیا رشوت کے ذریعے ہمارے اسمبلی ارکان کو خریدا جائے گا، یہ کیسے اسلام کے عالم ہیں جو لوگوں کے ضمیروں کا سودا کرکے حکومت گرانے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر سیاست کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، اور میں چاہتا ہوں کہ میرے ارکان اسمبلی کی قیمت لگاؤ تاکہ ہمیں بھی کچرا صاف کرنے کا موقع ملے۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے کسی کو یہودی کا ایجنٹ بننے کی کوئی ضرورت نہیں، جو ظلم آپ پاکستان کے ساتھ کررہے ہیں اتنا تو کوئی یہودی بھی نہیں کرے گا جب کہ فضل الرحمان نے پرویز مشرف، آصف زرداری اور نوازشریف سمیت سب کی حکومتوں کا ساتھ دیا اور خدانخواستہ پاکستان کا وزیراعظم یہودی بن جائے تو مولانا اس کا بھی ساتھ دیں گے اور فتویٰ دیں گے کہ یہودی کے نیچے حکومت کرنا جائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب غلط جگہ نیا خیبرپختونخوا ڈھونڈ رہے ہیں، کیوں کہ سڑکیں اور پل بنانے سے قومیں نہیں بنتی بلکہ لوگوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں روزگار اور تعلیم دیں اور ان کی خدمت کریں کیوں کہ یہی آگے جاکر قوم بنائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ 20 سال سے پورے پاکستان میں جا کر کہتا تھا کہ میاں صاحب نے کرپشن سے پیسہ بنایا اور نشاندہی کی کہ ان کے بچوں کے نام جائیدادیں ہیں جس پر لوگ کہتے تھے کہ میاں صاحب تو معصوم ہیں لیکن اب جب پاناما لیکس میں نام آیا تو بجائے جواب دینے کے خود کو معصوم پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پی ٹی آئی کے علاوہ پوری اپوزیشن اور حکومتی اداروں کو اپنے قابو میں کرلیا تھا لیکن اللہ نے ان کے خلاف سوموٹو ایکشن لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا لیڈر کرپٹ ہو تو وہ قوم کو تباہ کردیتا ہے کیوں کہ جب لیڈر خود چور ہو تو ملکی اداروں کو کیسے آزاد ہونے دے گا، اسے انصاف سے ڈر لگتا ہے، وہ عدلیہ، پولیس، نیب کو کبھی چلنے نہیں دے گا جب کہ ہم نے خیبرپختونخوا پولیس سے سیاست ختم کردی اور وہ اب پورے ملک میں مثالی پولیس بن چکی ہے۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان تقسیم ہوچکا ہے، ایک طرف عوام جو کرپشن سے آزادی چاہتی ہے اور دوسری طرف مولانا فضل الرحمان جیسے لوگ ہیں جو کرپشن بچانا چاہتے ہیں لیکن میاں صاحب آپ اپنے امپائر بھی کھڑے کردو لیکن شکست آپ کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف 4 حلقے کھلوانے کا کہا تھا اور 3 وکٹیں ہم گراچکے ہیں جب کہ چوتھی وکٹ بھی جلد گرنے والی ہے کیوں کہ خواجہ آصف کے حلقے سے 30 ہزار جعلی ووٹ نکلیں۔