پشاور (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی پشاور میں رجسٹریشن کا عمل ہفتہ وار چھٹی کے باعث آج نہیں ہو گا ، گذشتہ چھ روز کے دوران 29 ہزار سے زیادہ متاثرین کو رجسٹر کیا گیا۔
پشاور میں شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا عمل آج اتوار کی چھٹی کی وجہ سے نہیں ہورہا۔ فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گذشتہ چھ دنوں کے دوران 5 ہزار سے زیادہ خاندانوں کے 29 ہزار متاثرین کو رجسٹر کیا جاچکاہے، 7 جولائی سے شروع ہونے والا رجسٹریشن کا عمل 14 جولائی تک جاری رہے گا۔
سات جولائی پہلے روز میران شاہ کے آئی ڈی پیز، 8 جولائی کو دوسرے روزبویہ اور دتہ خیل، 9 جولائی کو میر علی، 10 جولائی کو دوسلی اور گڑیوم ، پانچویں روز رزمک اور شوال کے متاثرین ، جبکہ 12 جولائی کو غلام خان کے متاثرین کی رجسٹریشن کی گئی۔
رجسٹریشن کے آخری روز 14 جولائی کو باقی ماندہ آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن ہو گی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے رجسٹررڈ آئی ڈی پیز کو موبائل سمز کے ذریعے ابتدائی طور پر 40 ہزار روپے امدادی رقم دینے کے لئے سمیں تو دی جارہی ہیں۔
تاہم ان میں رقم کی منتقلی نہ ہونے سے متاثرین شدید بے چینی کا شکار ہیں۔ آئی ڈی پیز کا کہنا ہے کہ پشاور میں رجسٹریشن کا عمل شروع تو کیا گیا تاہم نہ تو انہیں امداد ی رقوم مل رہی ہے اور نہ ہی خوراک کے ڈسٹری بیوشن سنٹر قائم کیے گئے ہیں۔