کراچی (جیوڈیسک) ملک میں گزشتہ ہفتے افراط زر کی شرح میں 0.13 فیصد کا اضافہ ہوا۔ بیورو شماریات کے مطابق 25 ستمبر کو ختم ہفتے میں 15اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں ہوا۔
ٹماٹر کی اوسط قیمت 13.76 فیصد اضافے سے 77.86 روپے فی کلوگرام ہو گئی تاہم بعض علاقوں میں قیمتیں 100 روپے تجاوز کر گئیں جبکہ حیدرآباد میں ٹماٹر کی قیمت 110 ، لاڑکانہ اور لاہور 100، کراچی، ملتان، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ۔
اور فیصل آباد میں 90، بہاولپور، سکھر، سیالکوٹ اور سرگودھا میں ٹماٹر کی قیمتیں 80 روپے کلو گرام تک رہیں، دال چنا، سرخ مرچ پسی، گڑ، ویجیٹیبل گھی کھلا، سگریٹس، لاہوری نمک، دال ماش، آٹا، لہسن، خشک دودھ، گائے کا گوشت ہڈی والا، باسمتی ٹوٹا چاول، گندم اور آلو کے نرخ بھی بڑھ گئے تاہم 11 اشیا قیمتوں میں کمی اور 27 کے نرخ برقرار رہے۔