کینبرا (جیوڈیسک) ٹونی ایبٹ نے آسٹریلیا کے نئے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ نئے وزیر اعظم کا ایشیائی تارکین وطن کو ملک میں پناہ نہ دینے کا اعلان۔ آسٹریلیا میں نو منتخب لبرل نیشنل اتحاد کے رہنما ٹونی ایبٹ نے دارالحکومت کینبرا میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹونی ایبٹ کی سربراہی میں لبرل نیشنل اتحاد نے چند روز قبل ہی سابق حکمران جماعت لیبر کے چھ سالہ اقتدار کا خاتمہ کیا تھا۔
پچپن سالہ ٹونی ایبٹ نے دارالحکومت کینبرا کے گورنمنٹ ہائوس میں آسٹریلیا کی گورنر جنرل کوئنٹن برائس کی موجودگی میں اپنے عہدے کا حلف لیا اور کہا کہ وہ روزِ اول سے ہی کام شروع کر دیں گے۔ ٹونی ایبٹ نے کہا کہ آج کا دن محض رسمی دن نہیں ہے بلکہ یہ کام کا دن ہے۔ جیسے ہی میں اس تقریب سے واپس پارلیمنٹ ہائوس پہنچوں گا میں وزیراعظم اور کابینہ کے دفتر کو حکم دوں گا کہ وہ کاربن ٹیکس کی تنسیخ کے لیے قانونی مسودے کی تیاری شروع کر دیں۔ ٹونی ایبٹ نے اپنی انیس رکنی کابینہ کا اعلان پہلے سے ہی کر دیا ہے۔
جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے یہ کابینہ تاریخ کی سب سے تجربہ کار کابینہ ہے۔ تاہم ان کی جانب سے کابینہ کے انتخاب پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جس میں صرف ایک خاتون جولی بشپ ہیں جو وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالیں گی۔ کابینہ کے اراکین بھی بدھ کو ہی اپنے عہدے کا حلف ایک علیحدہ تقریب میں لیں گے۔ اس کے علاوہ ٹونی ایبٹ نے کہا کہ ان کی حکومت بجٹ میں اضافہ واپس لائے گی اور ایشیا کی جانب سے انڈونیشیا کے راستے آنے والی تمام کشتیوں کو واپس بھجوا دیں گے جن پر اسائیلم کے خواہشمند افراد آسٹریلیا آتے ہیں۔