بکھگم شائر (جیوڈیسک) برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ٹونی بلئیر کے بڑے بیٹے ایون بلیئر ترک نژاد 25 سالہ دوشیزہ سوزان اشمان سے ایک عظیم الشان تقریب میں رشتہ ازواج میں منسلک ہو گئے۔ بارہ ملین ڈالر کی لاگت سے ہونے والی شادی کی یہ تقریب بکھگم شائر کے علاقے ووٹن انڈرووڈ کے مضافات میں ٹونی بلیئر کے خاندانی ڈیرے پر منعقد ہوئی۔
ٹونی بلیئر کی بہو سوزان اشمان معروف کاروباری شخصیت جون اشمان کی پہلی اہلیہ کے بطن سے پیدا ہوئیں جو سابق ترک وزیر اور انقرہ کے میئر کی بیٹی تھیں۔ سوزان اشمان کی والدہ سے ان کے والد جون اشمان کی شادی صرف تیرہ برس برقرار رہی۔ جون اشمان کی موجودہ اہلیہ اور ٹونی بلیئر کی بہو کی سوتیلی والدہ شان لوید برطانیہ کے ایک سیٹلائیٹ ٹی وی پر موسمیات کا نیوز بلیٹن پیش کرتی ہیں۔
فصیلات کے مطابق ٹونی بلیئر کے بیٹے ایون بلیئر کی اپنے منگیتر سے ملاقات آٹھ برس ایک تقریب میں ہوئی جس کا اہتمام ٹونی بلیئر کے دور میں ان کے وزیر دفاع جیف ہون نے کیا تھا۔ ایون نے گزشتہ برس سوزان کی سالگرہ کے موقع پر انہیں شادی کی پیشکش کی تھی جسے ترک نژاد دوشیزہ نے خوش دلی سے قبول کر لیا۔ دونوں نے شادی کے بعد رہائش کی خاطر شمالی لندن میں ایک گھر خریدا۔
ایون بلیئر برسٹول یونیورسٹی سے تاریخ میں ایم اے ہیں۔ ان دنوں وہ مورگن سٹنلے نامی امریکی بینک میں ملازم ہیں۔ گذشتہ برس انہوں نے حکومت کے ایک اکنامک پروجیکٹ پر کام بھی کیا جس کے یہ قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگیں کہ وہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حکومت میں شامل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یاد رہے ٹونی بلیئر کے تین بیٹے ہیں جن کے نام ایون، ولیو اور نیکی ہیں جبکہ سابق برطانوی وزیر اعظم کی اکلوتی بیٹی کا نام کیتھرائین ہے۔