راولپنڈی (جیوڈیسک) اسلام آباد میں طوفانی بارش سے اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والی تمام پروازیں روک دی گئی ہیں۔ بارش سے متاثرہ علاقوں کی پروازیں لاہور ایئر پورٹ پر اتاری جارہی ہیں۔ مون سون بارشوں سے اسلام آباد میں پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔
شہر سے اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والی تمام پروازیں روک دی گئی ہیں۔ لندن سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے سیون ایٹھ سکس موسم کی خرابی کے باعث لاہور اتار لی گئی۔ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے تین سو کو بھی لاہور اتا ر لیا گیا۔ شمالی علاقوں میں موسم کی خرابی کے سبب مزید پروازوں نے لاہور ایئر پورٹ کا رخ کر لیا ہے۔
ابوظہبی سے پشاور جانے والی پرواز پی کے ٹو ون ایٹھ کو بھی لاہور ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔ کویت سے سیالکوٹ آنے والی پی کے ون فور زیرو کو بھی لاہور ایئر پورٹ پر ہی اتارا گیا ہے۔ لاہور ایئر پورٹ پر ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کی اضافی لینڈنگ سے مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق موسم بہتر ہونے پر پروازوں کو ان کی منزل کی جانب روانہ کر دیا جائے گا۔