طوفانی بارش سے 50 ہزار ایکڑ گندم متاثر 6 کروڑ کے نقصان کا خدشہ

Rain

Rain

فیصل آباد (جیوڈیسک) ضلع بھر میں طوفانی بارشوں اور تند و تیز آندھی کے باعث گندم کی ہزاروں ایکڑ فصل بری طرح متاثر جبکہ خریداری مراکز پر موجود ہزاروں ٹن گندم بھی شدید بارش کی نذر ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے کاشتکاروں کی جانب سے تقریباً 30 فیصد گندم کی کٹائی بھی مکمل نہ کی گئی تھی جس کی وجہ سے گندم کی فصل بری طرح متاثر ہوئی جبکہ صرف نصف گھنٹے کے دوران 30 ملی میٹر بارش سے ہزاروں ایکڑ گندم زیر آب آ گئی۔

ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ضلع بھر میں 40 سے 50 ہزار ایکڑ زیر کاشت رقبہ پر گندم کی کھڑی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے علاوہ ازیں ایسے کاشتکار زیادہ متاثر ہوئے ہیں جو فصل کی کٹائی کے بعد فصل کو بروقت اٹھا کر محفوظ مقام تک منتقل نہ کر سکے جس سے کاشتکاروں کی خطیر رقم ڈوبنے کا خدشہ ہے تاہم ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر حالیہ بارشوں کا دورانیہ طویل ہوا تو ایک اندازے کے مطابق ضلع بھر کی دیہی معیشت کو 6 کروڑ روپے کے نقصان کا اندیشہ بھی لاحق ہے۔ دریں اثناء حکومتی مراکز خریداری پر کھڑے ٹرالوں پر موجود گندم بھی بارشی پانی کی نذر ہو گئی جس کے باعث خریداری مہم مزید سست روی کا شکار ہو جائے گی۔