واشنگٹن (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کل امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور بدھ کو صدر اوباما سے ملاقات کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کل امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے ملاقات کریں گے۔ نواز شریف کی امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات بدھ کو ہوگی۔ ان ملاقاتوں میں انسداد دہشت گردی، پاکستان کی معیشت اور توانائی کے بحران سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے عہدے دار کے مطابق نواز شریف کا دورہ امریکا باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کا موقع ہے۔
عہدے دار کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں سیکیورٹی کے متعلق مختلف معاملات پر گفتگو ہوگی تاہم ضروری نہیں کہ ڈرون حملوں کا معاملہ بھی ان میں شامل ہو۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف امریکا کے نائب صدر اور کانگریس ارکان سے بھی ملیں گے۔ نواز شریف پاک امریکا بزنس کونسل کی طرف سے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے اور امریکی انسٹی ٹیوٹ آف پیس سے خطاب بھی کریں گے۔