لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لئے فٹنس معمہ بن گئی ، کھلاڑیوں کی انجریز نے ٹیم سلیکشن پر سوالیہ نشان لگا دیا۔
صہیب مقصود ، سہیل خان اور یاسر شاہ کے بعد احسان عادل بھی زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوگئے۔ قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر احسان عادل کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ٹیم منیجر کے مطابق احسان عادل دورہ بنگلہ دیش کے لئے روانگی سے قبل ہی فٹنس مسائل کا شکار تھے لیکن توقع کی جارہی تھی کہ وہ معمولی انجری پر قابو پا لیں گے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ قومی پیسر احسان عادل کو آج شام ڈھاکا سے وطن واپس بھیج دیا جائے گا ، احسان عادل بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ون ڈے میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے سے محروم رہے۔
ورلڈ کپ سے شروع ہونے والے فٹنس مسائل کا بھوت ابھی تک کھلاڑیوں کے اعصاب پر سوار ہے ، اس سے پہلے دورہ بنگلہ دیش کے لئے منتخب کردہ کھلاڑیوں میں سے صہیب مقصود ، سہیل خان اور یاسر شاہ بھی فٹنس مسائل کا شکار ہوکر سیریز سے آؤٹ ہوچکے ہیں