ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے گیارہویں مرحلے کے ٹائم ٹرائل میں جرمنی کے ٹونی مارٹن نے کامیابی حاصل کرلی۔ برطانیہ کے کرس فروم کی مجموعی برتری برقرار ہے۔
ایورانچز سے مونٹ سینٹ تک ٹائم ٹرائل مرحلہ تینتیس کلو میٹر پر محیط تھا۔ جرمنی کے ٹونی مارٹن نے ریس لیڈر کرس فروم اور دیگر حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے پہلے فنشنگ لائن عبور کی۔ جرمن رائڈر نے برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ چھتیس منٹ اور انتیس سیکنڈز میں سب سے پہلے طے کیا۔ کرس فروم بارہ سیکنڈز کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے۔
برطانوی رائڈر کو ریس لیڈ کی یلو جرسی حاصل ہے۔ فروم بیالیس گھنٹے انتیس منٹ اور چوبیس سیکنڈز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اسپینش رائڈر ایلیجینڈرو ویلویر تین منٹ پچیس سیکنڈز کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔