سیاحتی خلائی جہاز کی تباہی کی وجوہات معلوم کی جائیں گی: رچرڈ برینسن

Spacecraft

Spacecraft

کیلیفورنیا (جیوڈیسک) ورجن گروپ کے مالک رچرڈ برینسن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ اس حادثے کی وجوہات منظر عام پر آ سکیں۔

’’ہمیں اپنے پائلٹوں کا قرض چکانا ہے۔ ہمیں معلوم کرنا ہے کہ کیا غلط ہوا‘‘۔ اگر حادثے کی وجوہات معلوم کرکے اس میں بہتری پیدا کی جائے تو مستقبل میں خلاء کے لئے سیاحتی پروازیں ممکن ہیں۔ واضع رہے کہ پولیس نے اس حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے پائلٹوں کی شناخت جاری کر دی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے پائلٹ کا نام مائیکل ایلسبرے تھا جن کی عمر 39 برس تھی جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے پائلٹ کا نام پیٹر سیبولڈ بتایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ’ورجن شپیس شپ ٹو‘ نامی اس جہاز کے حادثے کی تفتیش کے دوران راکٹ کے انجن پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی کیونکہ جمعے کے دن یہ پہلی مرتبہ ایک نئے قسم کے ایندھن کے ساتھ پرواز کر رہا تھا۔

یہ امر اہم ہے کہ یہ خلائی جہاز قبل ازیں دو مرتبہ کامیاب پرواز کر چکا تھا۔ ورجن گروپ کی کوشش ہے کہ 2015ء میں سیاحوں کو خلاء میں لے جانے کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

اب تک سات سو افراد نے اپنی نوعیت کی اس پہلی خلائی پرواز کے لئے بکنگ کرا رکھی ہے جن میں ہالی وڈ کے معروف اداکار لیونارڈو ڈی کپیریو بھی شامل ہیں۔ اس ایک پرواز کی ٹکٹ ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر ہے۔