اگر آپ اسلام آباد جانے کا ارداہ کریں اور وہاں موجود حسین پہاڑی چوٹی کے حسین مقام پیر سوہاوہ نہ جائیں تو آپ کی سیر ادھوری ہے ۔۔ یہ چوٹی آپکے سامنے اسلام آباد اور راولپنڈی کا نظارا جیسے ایک تھال میں رکھ کر پیش کر دیتی ہے۔
کچھ سال پہلے جب ہمارا وہاں جانا ہوا تھا تو اس کی چوٹی پر ایک ڈھابہ اسٹائل کا ریسٹورنٹ تھا جہاں چارپائیاں بچھی ہوتی تھیں یا پلاسٹک کی میز کرسیاں ۔ اور خلق خدا کا خصوصا فیمیلیز کا رش تھا جس سے اس مقام کی پسندیدگی کا اندازہ کیا جا سکتا تھا۔ اس ریسٹورنٹ میں ملنے والا چکن ایک بار کھائیں تو بار بار اسی کی لذت میں آپ وہاں جانے پر مجبور ہو جائیں ۔ اور قیمت بھی انتہائی مناسب۔ وہ نظارہ آپکی یادداشتوں میں ہمیشہ لیئے نقش ہو جاتا تھا ۔ ہر غریب امیر کی یہاں تک رسائی بھی تھی اور یہ سیر اسکی جیب پر اتنی بھاری بھی نہیں تھی ۔
اس بار چار پانچ سال بعد 2019ء میں جب وہاں جانے کا موقع ملا تو یہ دیکھ کر شدید صدمہ پہنچا کہ اس ڈھابے کی جگہ ایک بلند و بالا ریسٹورنٹ تعمیر ہو چکا ہے ۔ ساتھ میں ڈیکوریشن پیسز اور جیولری کے سٹال لگ چکے ہیں ۔ جن کی قیمت ہوشربا تھی ۔ جس قیمت میں وہاں سے بہترین چکن تکہ کھا کر لوگ نکلتے تھے اب اسی قیمت میں اس ہائی فائی ریسٹورنٹ سے آپ چائے بھی نہیں پی سکتے ۔ جس پہاڑی کی چوٹی سے لوگ شہر کا دلکش نظارا کیا کرتے تھے اب وہاں اونچی اونچی دیواریں بنا دی گئی ہیں ۔ نیچے نظارا کرنا بیحد مشکل ہو گیا ہے ۔ ظاہر ہے اس ریسٹورنٹ کا فضلہ اس جگہ سے اسی پہاڑی سے نیچے گرا کر اس کے جنگل اور چھوٹی چھوٹی خوبصورت آبگاہوں کو برباد کر رہا ہے۔ عام آدمی کے اس سیاحتی مقام کو ہائی جیک کر کے اشرافیہ اور دو نمبر مالداروں کا خصوصی ٹھکانہ بنا دیا گیا ہے ۔ جب کہ ان لوگوں کے لیئے وہاں پہلے سے ہی ایک گیسٹ ہاوس موجود تھا ۔ تو اسے عام آدمی کی پہنچ سے دور کیوں کر دیا گیا ہے ۔ ایک عجیب سے نحوست برستی دکھائی دی وہاں ۔ کوئی رش بھی نہیں تھا۔ ظاہر ہے ڈھائی سو روپے کی چائے کی ایک پیالی پینے ایک عام آدمی تو فیملی کے ساتھ وہاں جانے سے رہا ۔
دوسرا سیاحتی مقام جہاں ہر بار ہمارا جانا ہوتا ہے وہ ہے مالاکنڈ (کے پی کے ) مالاکنڈ کا بڑا بس اڈا بٹخیلہ کی خوبصورت اور زور آور نہر کے کنارے واقع ہے ۔ اس کے پل کے آر پار مارکیٹ اور بازار اب کافی زیادہ بن چکے ہیں ۔ یہ ایک مقامی اہم بس اڈا ہے ۔ یہیں سے ہمیں لوکل طور پر کہیں جانے کے لیئے جہاں بیس سال پہلے تک تانگے چلا کرتے تھے وہاں اب چینکچی ،رکشہ ، سوزوکیاں اور پرائیویٹ گاڑیاں بھی مل جاتی ہیں ۔
یہاں کی اچھی بات یہ پرائیویٹ آرام دہ گاڑیاں ہیں جنہیں آپ روک کر پوچھ سکتے ہیں کہ آپ فلاں جگہ تک جا رہے ہیں کیا ؟اگر وہ کہے ہاں تو آپ اس سے کرایہ پوچھ کر بے خطر اس کے ساتھ بیٹھ کر سفر کر سکتے ہیں اور وہ آپ کو باحفاظت آپ کے مطلوبہ مقام پر اتار دیتے ہیں ۔ ویسے تو یہاں کے لوگ بیحد مددگار اورمخلص ہوتے ہیں لیکن اگر آپ اکیلے ہیں یا زبان نہیں جانتے تو ایسا رسک نہ ہی لیں تو اچھی بات ہے۔ کسی زبان جاننے والے کو ساتھ لے لیں تو بہتر ہو گا ۔ یہاں کے اکثر نوجوان لوگ اردو جانتے بولتے اور سمجھتے ہیں ۔ اس نہر کے کنارے قانونی طور پر تعمیرات کی اجازت نہیں تھی لیکن اس بار جو دیکھا وہ بیحد افسوسناک تھا ۔ اس نہر کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر گھر اور ہوٹلز بنا دیئے گئے ہیں جس کا فضلہ اس نہر کی جانب گرایا جا رہا ہے ۔
اگر اسے فوری طور پر نہ روکا گیا تو یقین جانیئے یہ خوبصورت رواں دواں تاریخی نہر راولپنڈی کے نالہ لئی کی صورت اختیار کر جائے گی ۔ خدا کے لیئے اس جانب توجہ دیجیئے اس نہر اورباقی تمام نہروں اورندیوں کو نالہ بننے سے بچایئے ۔ دنیا سے سیکھیئے کہ وہ اپنی سیرگاہوں ، نہروں اور آبی گزرگاہوں کی کیسے حفاظت کرتی ہیں ۔ حکومت وقت کو اس پر فوری اقدام لینا چاہیئے ۔۔ایک اور اہم ترین مسئلہ اسی بٹخیلہ سے جب درگئی کی جانب جانے کے لیئے روانہ ہوتے ہیں تو انخلاء پر ہی اس قدر شدید ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ اس وقت میں باآسانی ایک شہر سے دوسرے شہر تک سفر کیا جا سکتا ہے ۔ اس پر توجہ دیجیئے۔ یہاں ٹریفک سگنلز لگائیے۔
Mumtaz Malik
گول چکر بنایئے اور باقاعدہ ٹریفک پولیس تعینات کیجیئے ۔ یہیں سے گزر کر مینگوہ، سوات ، کافرستان اور مالم جبہ کی گزرگاہوں تک پہنچا جاتا ہے اسے نظر انداز کرنا سیاحتی نقطہ نظر سے بھی نقصان دہ ہے بلکہ مقامی آبادیوں کے لیئے بھی باعث آزار ہے ۔ سیاحتی مقامات کے حسن کو بچایئے اور اس کے نزدیک آبادیاں بنانے اور ہوٹلز کی تعمیرات کو روکنے کے لیئے فوری اقدامات کیجیئے ۔ ورنہ خدانخواستہ یہ قدرتی نظارے بھی “ہیں” سے “تھے” میں جا کر کھو جائینگے۔