کراچی (جیوڈیسک) تجارتی مراعات ملنے کے باوجود ملکی ٹیکسٹائل برآمدات میں قابل ذکر اضافہ نہ ہو سکا۔ ایکسپورٹس کا حجم 8 ماہ کے دوران 9 ارب ڈالر کے قریب ہی رہا۔
ٹیکسٹائل ملرز کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا فروری ٹیکسٹائل برآمدات کی مالیت 9 اعشاریہ 2 ارب ڈالر تک محدود رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے محض 10 کروڑ ڈالر زائد ہے۔
ملرز کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے اور دوسری جانب یورو کی قدر میں کمی سے ملکی ٹیکسٹائل مصنوعات یورپیوں کو مہنگی پڑنے کے باعث ان کی مانگ میں اضافہ نہ ہوسکا۔
ٹیکسٹائل ملرز کے مطابق یورپی خطے کو درپیش معاشی چیلنجز کا حل نہ نکلا تو صارفین کی قوت خرید مزید کمزور پڑجانے سے ملکی ٹیکسٹائل برآمدات کو کافی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔