اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو عابد جاوید اکبر کو برطرف کر کے 1 ارب 27 کروڑ روپے کی بے قاعدگی کا معاملہ تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو بھجوا دیا ہے۔ ترجمان وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے گزشتہ دو سال کے حسابات کے آڈٹ کا بھی حکم دیا ہے۔
وزیر اعظم نے ادارے کے چیف ایگزیکٹو عابد جاوید اکبر کی برطرفی کے احکامات دیتے ہوئے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے تمام متعلقہ افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایات ایف آئی اے کو دی ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق سیکریٹری عبدالکبیر قاضی اور ڈی جی عبد الکریم داود پوتا کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔