ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کی نا اہلی، حکومت کو اربوں کا ہرجانہ

TDAP

TDAP

اسلام آباد (جیوڈیسک) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کی نا اہلی نے قومی خزانے کو 3 ارب 36 کروڑ کا ٹیکہ لگا دیا۔ حکومت پاکستان کو سعودی عرب کیساتھ معاہدے پر عملدرآمد نہ کرنے پر اربوں کا ہرجانہ، عدم پیروی کی بنا پر عالمی ثالثی عدالت اور سندھ ہائیکورٹ نے حکومت پاکستان کے خلاف فیصلہ دے دیا۔

ذرائع کو موصول دستاویزات کے مطابق پاکستان اور سعودی کمپنی کے مابین معاہدے کے تحت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جدہ میں ایکسپو سینٹر تعمیر کرنا تھا۔معاہدے کے مطابق کمرشل سینٹر کی تعمیر، زمین اور انشورنس کی ذمہ داری سعودی کمپنی کی تھی جبکہ سٹاف کی بھرتی ان کی تنخواہیں اور سینٹر کی آرائش و زیبائش حکومت پاکستان کے ذمہ تھیں۔

تاہم ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے معاہدے کی کسی بھی شق پر عمل نہیں کیا۔ سعودی کمپنی نے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرنے کے بعد اتھارٹی کی جانب سے مقدمے کی پیروی نہیں کی گئی۔ عالمی ثالثی عدالت اور سندھ ہائیکورٹ نے حکومت پاکستان کے خلاف فیصلہ دیدیا۔ عدالتی فیصلے پر وزارت تجارت نے وزارت خزانہ سے اربوں روپے مانگ لئے۔وزارت تجارت نے گھپلے کی تحقیقات کیلئے معاملہ نیب کو بجھوانے کا فیصلہ کیا ہے۔