فیصل آباد (جیوڈیسک) انجمن تاجران نے تحریک انصاف کی جانب سے 8 دسمبر کو شہر بند کرنے کی کال مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو شہر بند کرنے نہیں دیں گے۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فیصل آباد شہر کو سیاست کی نذر ہونے نہیں دیں گے اورغیر سیاسی ہونے کے باوجود اگر کوئی ہمارے گھر کو آگ لگانے آئے گا تو اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نوبال پر وکٹ لینا چاہتے ہیں اور اگر 8 دسمبر کو تحریک انصاف کے کارکنوں نے زور زبردستی کی کوشش کی یا تاجروں کو ہراساں کرنے کے لئے دھمکیاں دیں توان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔
انجمن تاجران نے کہا کہ فیصل آباد کے تاجروں پر حکومت کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں تمام تاجرحکومت کے ساتھ ہیں اور عمران خان کی دکان چلنے نہیں دیں گے، تاجر اپنے کاروبار کی حفاظت خود کرنا جانتے ہیں اور وہ کر کے دکھائیں گے۔