کراچی (اسٹاف رپورٹر )انجمن تاجران قائد آباد خلد آباد کے صدر عبدالحمید قریشی نے کراچی انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے الٹی میٹم دیا ہے کہ اگر 7 یوم کے اندر اندر قائد آباد کو پتھارہ مافیا،لینڈ مافیا اور بھتہ خوروں سے پاک نہ کیا گیا تو نہ صرف قائد آباد بلکہ ضلع ملیر کے ہزاروں تاجران اپنے کاروبار بند کرکے کراچی پریس کلب پر تادم مرگ بھوک ہڑتال پر مجبور ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات اور لینڈ مافیا کی مبینہ ملی بھگت کے خلاف منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا عبدالحمید قریشی نے مزید کہاکہ محکمہ انسداد تجاوزات قائد آباد میں تجاوزات کا صفایا کرنے کے بجائے اس کی پشت پناہی کرکے سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں بکھیر رہا ہے ڈپٹی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کے ایم سی سہیل یار خان لینڈ مافیا کا سپرست بنا ہوا ہے اور گزشتہ روز بھی سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کا صفایا کرنے کے بجائے بھاری مشنری کچرے کے ڈھیر پر استعمال کرکے بالا حکام کو گمراہ کیا گیا۔
عبدالحمید قریشی نے کہاکہ پتھارہ مافیا و لینڈ مافیا کے سامنے علاقہ پولیس وٹریفک اہلکار تک بے بس ہیں کہ علاقے کے فٹ پاتھ پر بھی بے ہنگم تجاوزات اور قبضے کرائے جارہے ہیں جن کی وجہ سے قائد آباد کے تاجروں کو نہ صرف کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے بلکہ اُن کا کاروبار بھی تباہ ہورہا ہے۔