فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما وصدر انجمن تاجران منٹگمری بازار حافظ طاہر جمیل میاں نے گلشن اقبال پارک لاہور میں ہونیوالے خود کش حملے اور اسکے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ ان کا کوئی دین ایمان نہیں اور ان کی نظروں میں قیمتی انسانوں کی کوئی وقت نہیں مگر یہ دہشت گرد اب مہمان اداکار ہیں اور بہت جلد ان کا آخری ایکٹ بھی ختم ہوجائے گا اور پورے وطن عزیز میں ان کو رہنے یا چھپنے کیلئے کوئی جگہ نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان بزدلوں نے اب انتہائی آسان ٹارگٹ کو ہٹ کر نا شروع کر دیا ہے گلشن اقبال پارک میں صرف ایسٹر منانے آئی مسیحی برادری اور چھٹی انجوائے کرنے والے شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد آئی تھی جن کو ان بزدلوں نے نشانہ بنا کر اپنی درندگی کی انتہا دکھائی مگر قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے قوم اس با ت پر متحد اور متفق ہے کہ ان دہشتگردوں کو نشان عبرت بنا یا جائے گا اور کسی صورت بھی ان کو کہیں سر چھپانے کو جگہ نہیں دے گی۔
حافظ طاہر جمیل نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے پنجاب بھر میں فوجی آپریشن شروع کرنے کا فیلہ کر کے کروڑوں افراد کے دلوں کی آواز پر آمین کہا ہے وہ دن دور نہیں جب سب سے بڑا بھائی پنجاب ان سوروں کے ناپاک وجود سے قطعی طور پر پاک ہوگا اور پنجاب بھر میں ان کے سہولت کار بھی اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے انھوں نے لاہور میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس بھی کیا ہے۔