کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) تاجروں نے صوبائی وزیر کی یقین دہانی پر آج مارکیٹوں کو 8 بجے شب تک کھولنے کا فیصلہ پیر تک کے لیے موخر کر دیا ہے۔
تاجر ایکشن نے واضح کیاہے کہ پیر تک اگر سندھ حکومت نے کوئی توٹیفیکشن جاری نہ کیا تو تاجر ایکشن کمیٹی ازخود 8 بجے تک مارکیٹیں کھولے گی، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہاکہ تاجر ہمارے بھائی ہیں ان کے تمام مطالبات وزیراعلی سندھ تک پہنچا دیے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پیر کو این سی او سی کا اجلاس ہے، اس اجلاس کے بعدہی تاجروں کو خوشخبری دیں گے۔
انھوں نے کہاکہ اگر تاجروں کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو اس کا ازالہ کیا جائے گا۔تاجروں کے مطالبے پرتمام اضلاع میں کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی جائے گی تاکہ مستقبل میں تاجروں کے خلاف ایکشن سے قبل تاجر کوآرڈینیشن کمیٹی سے بات چیت کی جاسکے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے تاجروں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے تاجر انجمنوں کو درخواست کرکے بلایاہے تاکہ چپقلش کے تاثر کوختم کیاجاسکے۔
انھوں نے بتایا کہ تاجرنمائندوں سے کہاہے کہ وہ پیر تک 8بجے شب تک مارکیٹیں کھولنے کے فیصلے کومؤخر کریں جبکہ حکومت سندھ پیر تک تاجروں بیشتر مطالبات پورے کردے گی۔ انھوں نے بتایا کہ تاجر نمائندوں نے پولیس اور انتظامیہ کے رویئے کی شکایات کی ہیں اور تاجروں کی شکایات پر ایس ایچ او سعود آباد کو ریورٹ اور معطل کیا ہے اور بھی ایکشن بھی لیے ہیں۔
ناصر حسین نے کہاکہ ضلعی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔تاجر تنظیموں اورانتظامیہ کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرکے فیصلوں میں تاجر برادری سے مشاورت کی جائے گی، ہم نہیں چاہتے کہ کسی کا معاشی قتل ہو۔ ہم نے فیصلے خوشی سے نہیں بلکہ عوام کی حفاظت کیلیے کیے اور تمام فیصلے این سی او سی کے تحت فیصلے کیے ہیں۔
دریں اثنا صوبائی وزیراطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے کاٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں کاٹی کے صدر سلیم الزمان، چیئرمین کاٹی زبیر چھایا، وائیس چیئرمین نگہت اعوان، سابق صدر کاٹی عمر ریحان اور مسعود نقی شامل تھے۔
وفد نے صوبائی وزیرسید ناصر حسین شاہ کو صنعتکاروں کے مسائل کے حوالے سے آگاہی دی۔صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انھوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویژن ہے کہ صوبہ میں انڈسٹریز کو فروغ دیا جائے اور آپ کے مسائل حل کرنے کے احکامات دییے ہیں،چیئرمین کی ہدایت ہے کہ کراچی میں نیا انڈسٹریل زون قائم کیا جائے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کراچی سے انڈسٹریز کو منتقل ہونے نہیں دینگے ، صوبائی حکومت سے متعلق پانی، ٹیکسز،کے ڈی اے اور ایس بی سی اے کے مسائل حل کریں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ ٹھیکیدار سب سوائل کے نام پر واٹر بورڈ کی لائنوں سے پانی چوری کر کے انڈسٹریز کو فراہم کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر بلدیات نے مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ آپ اپنے نام سے سب سوائل واٹر کے لائسنس لیں، تین دن میں لائسنس جاری کیے جائیں گے۔ اس موقع پر صنعتکاروں نے صوبائی وزیر کو ملیر ندی میں اربن فاریسٹ لگانے کی پیش کش کی۔ اس پر سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کل سے کام شروع کریں ، سندھ حکومت مکمل سپورٹ کرے گی۔