انجمن تاجران نے ہڑتال کی کال مسترد کر دی، کاروبار کھلا رکھنے کا فیصلہ

Traders Association

Traders Association

لاہور (جیوڈیسک) لاہور بند کرنے کی کال پرپاکستان تحریک انصاف اجتماعی طور پر کاروباری طبقے کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

پندرہ دسمبر کو شہر بند کرنے کی کال پرشہر میں تاجروں کے کسی بھی مؤثر دھڑے کی جانب سے کاروبار بند کرنے کی یقین دہانی نہ مل سکی اور تاجر تنظیموں میں سب سے مؤثر آل پاکستان انجمن تاجران نے کاروبار کھلا رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے اور ان کی قیادت بارہا یہ بات کہہ چکی ہے کہ تاجر غیر سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی مقاصد کے لئے ہونے والے کسی شٹر ڈاؤن کا حصہ نہیں بنیں گے جبکہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹاؤن شپ انڈسٹریل ایسوسی ایشن نے بھی غیر جانبدار رہتے ہوئے سرگرمی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ لاہور سٹاک مارکیٹ انتظامیہ کے مطابق بھی کاروبار معمول کے مطابق اوقات کار میں ہو گا تاہم ذرائع کے مطابق حفاظتی بنیادوں پر تاجروں کی جانب سے انفرادی طور پر کاروباری سرگرمی محدود ہونے کا خدشہ موجود ہے۔