لاہور (اقبال کھوکھر) معاشرے میںحالات کی خرابی کی وجہ ر وایتی و استحصالی طرز عمل ہے جس کی وجہ سے نہ صرف عوام احساس محرومی سے دوچار ہوکر اپنے حق کیلئے سڑکوں پرآنے میں مجبور ہوتے ہیں اور اب یہی احساس محرومی مزید بڑھتاجارہا ہے۔جو کسی بھی طور قومی وحدت اور پاکستان کے مستقبل کیلئے سودمند نہیں۔
کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے حکومت وقت کو چاہیے کہ وہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے خارجہ پالیسی کی روشنی میں پالیسی بنائیں اور اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے کو زیر بحث لانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ان خیالات کااظہارنیشنل پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری طالب حسین نے گزشتہ روزجیواردو سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ حکمران چھوٹے صوبوں اور عوام کا استحصال کرنے کی بجائے پاکستان کے تمام شہریوں کو یکساں حقوق و مراعات اور تحفظ و انصاف فراہم کرکے اس احساس محرومی کا خاتمہ کریں جودہشتگردی کی بنیادی وجہ ہے۔
پاکستان کے جفاکش، مزدور، محنت کش، کسان ،اقلیتیں، خواتین ملک کا سرمایہ ہیں ان کے حقوق کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا منشور ملک میں مساویانہ نظام،عدل وانصاف پر مبنی معاشرہ کا قیام چاہتا ہے۔نیشنل پارٹی کا ہرکارکن کسی بھی سطح پرظلم وجبر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننے کی اخلاقی جرات رکھتا ہے۔کیونکہ اس کی سیاسی تربیت میں سینٹرمیرحاصل بزنجو،ڈاکٹر عبدالمالک اور دیگر قائدین کے فہم وفراست سے مزین سیاسی افکار شامل ہیں۔
نیشنل پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت،مساوات اور قومی ہم آہنگی کے لئے اصولی جدوجہد کی اور ڈاکٹر عبدالمالک کے ڈھائی سالہ دوروزارت اعلیٰ میں صوبائی خوشحالی اور قومی ترقی کے لئے جو اقدامات ہوئے وہ تاریخ کا حصہ ہیں۔ایک سوال کے جواب میں طالب حسین نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع وشہر گائوں میں نیشنل پارٹی کے جھنڈے لہرارہے ہیں ،دفاتربن رہے ہیں،ہر مکتبہ فکر وہر شعبہ زندگی کے عوام نے نیشنل پارٹی کے منشورکو سراہا ہے۔
پنجاب کے صدرمحمد ایوب ملک بھی ہمیں راہنمائی دیتے ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اخوت،بھائی چارے اور انصاف کے ساتھ تمام طبقات کوخوشحالی،ترقی کے راستے فراہم کرنے چاہئیں۔طالب حسین نے روزنامہ افلاک اور عامرنعمان چوہدری کی صحافتی خدمات کو بھی سراہا۔