جڑانوالہ (جیوڈیسک) ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے والی خاتون ہسپتال میں جان کی بازی ہار گئی۔ متوفیہ کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 23 گ ب انبالیاں والی کے رہائشی نعت خواں اور بزم آرزو مدینہ کے صدر محمد شہباز قمر فریدی دو روز قبل اپنی اہلیہ رضیہ پروین کے ہمراہ موٹر سائیکل پر چک نمبر 97 ر ب جوہل سے اپنے گھر جا رہے تھے۔
ڈی ایس پی آفس کے سامنے تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجہ میں ان کی اہلیہ رضیہ پروین شدید زخمی ہو گئی تھی، اسے تشویش ناک حالت کے پیش نظر فیصل آباد کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ گزشتہ روز دم توڑ گئی۔ مرحومہ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے قل خوانی آج صبح ساڑھے آٹھ بجے جامع مسجد غوثیہ میں ہو گی۔