اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں اندھے قتل سمیت ٹریفک کے 4 حادثات کے دوران 5 افراد جاں بحق ہو گئے، تھانہ شہزادٹائون کے علاقہ میں 55 سالہ شخص کو نامعلوم قاتلوں نے اندھادھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا، پولیس نے بیٹے مزمل کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ٹریفک حادثات کے دوران سبزی منڈی کے علاقہ میں تیز رفتار کیری ڈبے نے موٹرسائیکل پر سوار 18 سالہ سجاول کو ٹکر ماردی جس کے باعث وہ جاں بحق ہو گیا جبکہ کیری ڈبے کاڈرائیور فرار ہو گیا، مارگلہ تھانے کے علاقہ میں تیز رفتار ویگن نے 29 سالہ موٹرسائیکل سوار حاکم سجاد کو زیروپوائنٹ کے قریب ٹکر ماردی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔
تھانہ گولڑہ کے علاقہ میں تیزرفتار ڈمپر نے 60 سالہ موٹرسائیکل سوار احمد نواز کو ٹکر مار دی جس کے باعث وہ جاں بحق ہو گیا۔ تھانہ کورال کے علاقہ کوٹھا کلاں روڈ کے کنارے اندھے قتل کی واردات کے دوران خاتون کو قتل کر کے لاش سڑک پر پھینک دی گئی، پولیس کو دوران گشت روڈ کے کنارے نامعلوم خاتون کی لاش ملی جسے فائر کرکے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے لاش ہسپتال منتقل کر دی۔