ٹریفک کی روانی کے حوالے سے عوامی شکایات کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی : شاہ فیصل زون کی جانب سے عوامی شکایات پرمنتخب عوامی نمائندوں کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران عشرہ محرم الحرام کے موقع پر برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کے روٹس سمیت اہم شاہراہوں سے سینکڑوں تجاوزات اور رکاوٹوں کا خاتمہ کر دیا گیا۔ رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ ہے کہ ٹریفک کی روانی کی بہتری اور اس حوالے سے عوامی شکایات کے خاتمے کے لئے مستقل بنیادوں پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا یا جائے تجاوزات عوامی مشکلات کے ساتھ علاقائی خوبصورتی پر بھی بدنما داغ ہے انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی وہ مسائل کے خاتمے اور تجاوزات کی بیخ کنی کے لئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں۔

ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں جاری تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے مہم کے معائنے کے لئے بلدیاتی افسران اور عشرہ محرم الحرام کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے منتظمین کے ہمراہ مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران بھی موجود تھے اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے منتظمین کے ہمراہ جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کیا منتظمین نے حفاظتی انتظامات سمیت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حق پرست قیادت اور بلدیاتی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے منتظمین کو یقین دلایا کہ علاقائی مسائل کے حوالے سے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں کو تجاوزات سے پاک بنا کر ٹریفک کی روانی کی بہتری اور عوامی آمد و رفت میں حائل رکاوٹوں کا بھی خاتمہ کر دیا جائے گا۔

منتظمین کے ہمراہ عشرہ محرم الحرام کے موقع پر شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں سے برآمد ہونے جلوسوں کے روٹس کے معائنے پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فصل زون اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ جلوس برآمد ہونے سے قبل روٹس کا تفصیلی سروے کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کو یقینی بنا نے کے لئے ہر ممکن اقدامات منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ انجام دیا جائے۔