ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی ابتر صورتحال اور طویل ٹریفک جام کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خود سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی بحالی کو یقینی بنا تے رہے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ادارے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں۔

عوامی تکالیف اور علاقائی مسائل کو حل کرنے پر توجہ دیں اس موقع پر انہوں نے متعلقہ بلدیاتی محکموں کو ہدایت کی کہ شاہراہوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ،غیر قانونی بس، سوزوکی، ٹیکسی اور رکشہ اسٹینڈز کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ماہ رمضان کے دوران افطار سے قبل اور رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ٹریفک روانی کے جائزے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے تاجر تنظیموں اور ہاکرز سے درخواست کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کے مسائل سے عوام کو چھٹکارہ دلا نے کے لئے متعلقہ اداروں سے تعاون کریں۔

تجاوزات کی روک تھام کے لئے نہ صرف خود بلکہ دیگر لوگوں کو بھی اس کی ممانعت کریں تاکہ باہمی تعاون سے ماہ رمضان میں عوام کو ٹریفک جام جیسے اذیت ناک مسائل سے نجات دلا ئی جاسکیاس موقع پر تاجر تنظیموں ،تاجروں اور عوام نے حق پرست نمائندوں کی جانب سے عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلا یا۔