ٹریفک جام معمول بن گیا، شہرقائد کے باسی منٹوں کا سفر گھنٹوں میں کرنے پر مجبور

Traffic Jams

Traffic Jams

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک جام معمول بن گیا، ٹریفک پولیس کی غفلت، جا بجا تجاوزات اور پارکنگ کی وجہ سے شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں۔

پھنسی ہوئی گاڑیاں، افراتفری کی صورتحال، بے صبری اور ہاہا کار، کیونکہ سب کو ہے جلدی اپنی منزل پر پہنچنے کی، کراچی کی سڑکیں سدھار کے بجائے بگاڑ کا نمونہ پیش کررہی ہیں، ایم اے جناح روڈ، شارع پاکستان، شارع فیصل، پریڈی اسٹریٹ، زیب النسا اسٹریٹ، عبداللہ ہارون روڈ، نشتر روڈ، ناظم آباد، لیاقت آباد اور دیگر علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک جام معمول بن گیا۔

مصیبت کے مارے شہریوں کی دہائیاں کوئی نہیں سنتا، ٹریفک جام کی بڑی وجہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی عدم دلچسپی، پارکنگ اور تجاوزات، خود پولیس حکام کہتے ہیں کہ جب سڑکوں پر گاڑیاں چلنے کی جگہ نہیں تو ٹریفک تو جام ہوگا۔

سڑکوں پر سہ پہر 3 بجے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنا شروع ہوتی ہیں، تو کہیں افطار تو کہیں رات گئے تک پھنسی رہتی ہیں، ہر سال نصف رمضان کے بعد یہ صورتحال ہوتی ہے، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے، لیکن مسئلے کا ٹھوس حل تلاش نہیں جاتا۔