کراچی (جیوڈیسک) ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیاہے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار افراد کو 6 ماہ سے 2 سال تک کی سزائیں دلوائی جائیں گی ،مہم 10 اگست سے شروع ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کی ٹریفک پولیس نے ایک بار پھر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیاہے ، 10 اگست سے شروع ہونے والی مہم کے دوران شاہراہوں پر ون وے اورٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے علاوہ مسافر بسوں ، منی بسوں اورکوچز کی چھتوں پر مسافروں کو سفر کرانے کی اجازت دینے والوں کواسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالتوں سے مختلف سزائیں دلوائی جائیں گی۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی موٹر وہیکل آرڈیننس کی سیکشن 113کے تحت گرفتار عمل میں لائی جائے گی اور انھیں اسپیشل جوڈیشل ٹریفک مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرکے6 ماہ سے2 سال کی سزائیں دلوائی جائیں گئیں۔
مہم کا بنیادی مقصد شہرقائد سڑکوں کوزیادہ سے زیادہ محفوظ بناناہے تاکہ ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ہونے والی قیمتی جانوں کے ضائع کو کم سے کم کیاجاسکے، ٹریفک پولیس نے یکم جنوری 2015سے 4 اگست 215 تک مجموعی طور پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 10 لاکھ 95 ہزار 218 روپے کے چالان کرکے32 کروڑ 14 لاکھ اور63 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے اور مجموعی طور پر60 ہزار 192گاڑیوں کو ضبط کیا۔
تیز رفتاری کے مرتکب8 ہزار 768 ڈرائیوروں کوگرفتاربھی کیاگیا، ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے 2 لاکھ 93 ہزار 871 کے چالان اور بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے 2 لاکھ 31 ہزار426 افراد کے چالان کیے گیے۔
رواں سال سے اب تک شہر کی سڑکوں پر چلنے والے5 ہزار282 چنگ چی رکشوں کو بند کیا گیا جبکہ اضافی سیٹوں والے 6 ہزار780 رکشے بندکیے گیے ،موٹر سائیکل کے دستاویزات و لائسنس نہ ہونے اور کم عمر ڈرائیور سمیت مختلف خلاف ورزی پر 26 ہزار98 موٹر سائیکل بندکی گئیں۔