پیرمحل (خرم شہزاد بھٹی) ٹریفک قوانین بارے شہریوں میں شعور آگاہی پیدا کرنے کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک پر وقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹریفک پولیس افسران کے علاوہ شہر کی سیاسی ،سماجی ،مذہبی تنظیموں کے عہدیداران کے علاوہ ٹرانسپورٹروں سمیت دیگرشعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مذکورہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے DSPٹریفک پولیس ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری محمد احسان گجر اور سرکل پیرمحل میں تعینات ٹریفک پولیس افسران حامد علی اور وحید احمد نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر 100فیصد عملدرآمد کر کے شاہرائوں پر ہم اپنے سفر کو محفوظ بنا سکتے ہیں ۔جب کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی ہماری اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین بارے عوام کو آگاہی دینے کیلئے ضلع بھر میں سیمینار ز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تا کہ شاہرائوں پر پیش آنے والے حادثات کی شرح کو کم کیاجا سکے۔اگر کسی شہری کو کسی ٹریفک پولیس اہلکار سے کوئی شکائت ہو تو اس کی میرٹ پر تحقیقات کرواتے ہوئے ذمہ دار کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جب کہ انسانی زندگیوں کو محفوظ سفر فراہم کرنے کیلئے سڑکوں پر اوور لوڈنگ اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا وار جو شہری دوران سفر موبائل فون استعمال کرتا ہوا پکڑا گیا اس کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والے اور موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں میں لگے پریشر ہارن بھی کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔روز بروز بڑھتی آبادی کے ساتھ سڑکوںپر ٹریفک کی بھی بھر مار ہو رہی ہے اگر شہریوں نے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی نہ بنایا تو آنے والے سالوں میں ٹریفک کے بے پناہ مسائل پیدا ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹر حضرات اپنی بسوں اور ویگنوں میں لگے غیر قانونی پھٹے ختم کرکے عوام کو پر امن سفر فراہم کریں جب کہ مسافرگاڑیوں میں خواتین کو مکمل احترام دیا جائے اور ان کیلئے الگ سیٹیں مختص کی جائیں۔
جب کہ مسافرگاڑیوں میں لگے زائد المعیار CNGسلنڈر بھی انسانی زندگیوں کیلئے ایٹم بم سے کم نہیں جس گاڑی میں زائد المعیاد نصب سلنڈر پکڑا گیا وہ گاڑی مالک اور ڈرائیور کسی رعائت کا مستحق نہیں ہو گا ۔اور ہم پر امید ہیں کہ پیرمحل کے عوام ٹریفک قوانین بارے عمل درآمد رک کے قانون اور اپنے باشعور شہری ہونے کا بھر پور ثبوت دیں گے ۔جب کہ سیمینار سے سرکل میں تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں محمد مقصود ،محمد بوٹا ،محمد اسلم ،اللہ دتہ ،محمد طارق ،محمد افتخار اور خالد فاروق کے علاوہ شہری شہری تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔