قصور (محمد عمران سلفی سے) ٹریفک پولیس قصور کے زیر اہتمام اورڈی سی او قصور سلمان غنی کی قیادت میں گزشتہ روز للیانی اڈا سے چاندنی چوک تک ٹریفک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں ڈی ایس پی ٹریفک محمد اکرام خاں ،ڈی ایس پی سٹی محمد سلیم وڑائچ ، ڈی ایس پی صدر مرزا عارف رشید ، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر محمد شاہد ، انسپکٹر ٹریفک پولیس محمد اقبال ، ایس ایچ او اے ڈویژن ملک طارق محمود ، ایس ایچ او بی ڈویژن اشفاق کاظمی ، انجمن تاجران کے عہدیداروں ، صحافیوں اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ڈی سی او قصور سلمان رفیق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک نظام کی بہتری سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ، ٹریفک قوانین کا احترام مہذب قوموں کاشعار ہے ، شہریوں اور تاجروں کے تعاون سے ضلع کا ٹریفک نظام بہترین کیا جائیگا ۔ٹریفک قوانین پر عمل کرنے سے حادثات کی روک تھام کیساتھ ساتھ ٹریفک کے مسائل سے بھی چھٹکارا ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین بارے آگاہی مہم کو مسلسل جاری رکھا جائیگا۔سکولوں اور کالجز میں طلباء و طالبات کو ٹریفک آگاہی بارے لیکچرز کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔ ٹریفک نظام میں اس وقت تک صحیح معنوں میں تبدیلی اور بہتری نہیں آسکتی جب تک عوام الناس ٹریفک پولیس کا ساتھ نہیں دیتی اور اپنا کردار ادا نہیں کرتی۔
ڈی سی او سلمان غنی نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے ضلعی حکومت تمام وسائل فراہم کریگی ۔ محکمہ پولیس کیساتھ ملکر اے اور اے پلس کیٹگری کے تعلیمی اداروں کو سیکورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور تمام تعلیمی اداروں کے حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام تعلیمی اداروں کے ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریسزکیساتھ میٹنگ کر کے انہیں ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں کی بائونڈر ی والز کو مقررہ اونچائی 8فٹ تک بلند کرنے اور ان پر 2 فٹ خار دار تار لگانے کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
سکولوں میں سیکورٹی گارڈز ، سی سی ٹی وی کیمرے اور میٹل ڈیٹکٹر ز کی تنصیب کے معاملات میں کسی قسم کا تساہل نہ برتا جائے ۔ متعلقہ سکولوں کے سربراہان کو حکم جاری کیا ہے کہ وہ سکولوں کے احاطے میں سویپنگ اور اردگرد کے علاقے میں کڑی نظر رکھیں گے اور ہر تعلیمی ادارے میں گیٹ پر موومنٹ رجسٹر رکھا جائے جس پر ہر آنے جانے والے شخص کے کوائف درج کئے جائیں ۔ پرنسپل کے آفس ، کلاس رومز ، اور سٹاف رومز میں اہم فون نمبرز بھی آویزاں کئے جائیں ۔قبل ازیں ٹریفک آگاہی واک میں شرکت کیلئے آنے پر ڈی سی او قصور سلمان غنی کا ٹریفک پولیس ، انجمن تاجران ‘صحافیوں اور شہریوں کی طرف سے شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچاور کی گئیں ۔ واک کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائے خیر کی گئی۔