فیصل آباد(پ ر) صدر موبائل ایسوسی ایشن کچہری بازار اور نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) کارپوریشن سٹی فیصل آباد چوہدری خالد جٹ نے کہا ہے کہ ٹریفک مسائل کے حل کیلئے سردار آصف کو فیصل آباد تعینات کیا جائے’ سردار آصف کے دور میں فیصل آباد شہر میں ٹریفک مسائل میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی۔ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھنے کی بجائے سڑکوں پر کھڑے ہوکر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروایا اور فرائض میں غفلت برتنے والے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جس سے ٹریفک پولیس فیصل آباد کی کارکردگی بہتر ہوئی۔
خالد جٹ نے کہا کہ سردار آصف کے بعد ابتک تمام سی ٹی اوز ٹریفک مسائل کو قابو کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں’ شہر کے آٹھوں بازاروں میں تجاوزات اور بہتر پارکنگ انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سٹیشن چوک سمیت کئی مین روڈز کے سگنل عرصہ دراز سے خراب پڑے ہیں جن کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ خالد جٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ٹریفک مسائل کو حل کرنے کیلئے سردار آصف کو دوبارہ فیصل آباد میں تعینات کیا جائے۔