کراچی (جیوڈیسک) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا ہمارے یہاں اب عام بات ہوگئی ہے جس کی وجہ سے روز جانی اور مالی نقصان دیکھنے میں آتا ہے۔ منزل تک پہنچنے کی جلدی کئی بار ہمیشہ کے لیے دیر کروا دیتی ہے۔
سڑکوں پر دوڑتا ٹریفک، ہر کسی کو آگے نکلنے اور منزل تک پہنچنے کی جلدی اور یہی صورتحال بنتی ہے کئی حادثوں کا سبب، سڑکوں پر اکثر ایسے مناظر دیکھنے میں آتے ہیں جس میں لوگ ٹریفک قوانین کو با آسانی نظر انداز کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں لیکن یہ ان کے لیے کتنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اس کا انھیں اندازہ ہی نہیں۔
سڑکوں پر حادثات کی شرح بڑھنے کی وجہ بھی یہی ہے۔ ٹریفک قوانین کو توڑنے پر نہ کسی کو شرمندگی ہوتی ہے اور نہ ہی کسی کو اس سے نقصان پونے کا خوف۔ ذرا بے ہنگم ٹریفک میں چنگ چی چلانے والے ان کم عمر ڈرائیوروں کو ہی دیکھ لیں۔ ان کے پاس ڈارئیونگ لائسنس نہیں لیکن کوئی انھیں پوچھنے والا بھی نہیں۔کہیں سڑکوں پر رکاوٹیں لگائی گئیں تو پھر انھیں ہٹانے کی زحمت ہی نہیں کی گئی۔
یہی چھوٹی چھوٹی غلطیاں بڑے بڑے حادثات کا سبب بنتی ہیں۔اگر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے تو نہ صرف ٹریفک کی صورتحال بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ ضائع ہونے والی قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔