سانحہ عباس ٹاؤن میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

Abbas Town

Abbas Town

کراچی (جیوڈیسک) سی آئی ڈی پولیس نے ماڑی پور مشرف کالونی میں مبینہ مقابلے کے دورا ن ایک ملزم کو ہلاک کر دیا۔ شاہ لطیف پولیس نے شاہراہ فیصل ایئر پورٹ کے قریب ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔

سی آئی ڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ سانحہ عباس ٹاؤن میں ملوث تھا، تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی سول لائن انویسٹی گیشن کے انسپکٹر مظہر مشوانی پولیس پارٹی کے ہمراہ موچکو کے علاقے ماڑی پور مشرف کالونی میں پولیس مقابلے میں ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک کلاشنکوف برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش سول اسپتال لائی گئی جہاں اس کی شناخت امیر خانزادہ کے نام سے کرلی گئی۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے۔

کہ ہلاک ہونے والا ملزم کالعدم تحریک طالبان اتحاد ٹاؤن کا امیر تھا اور کراچی کے امیر خان زمان کا دست راست تھا ، انسپکٹر مظہر مشوانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم عباس ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے کا اہم کردار تھا۔

ہلاک ملزم خانزادہ پر الزام تھا کہ وہ بلوچستان کے علاقے حب سے بارود لایا تھا جو عباس ٹاؤن بم دھماکے میں استعمال کیا گیا جبکہ ملزم پر الزام تھا کہ اس نے خیبر ہوٹل کے قریب ایک بم دھماکا کرایا۔

ملزم خانزادہ کالعدم تحریک طالبان کے اہم کارندوں کے جرگے کراتا تھا جبکہ شہر سے جمع ہونے والی بھتہ کی رقم کا انچارج تھا ، رقم جمع ہونے کے بعد اسے افغانستان ، شمالی وزیرستان اور خیبر پختونخوا بھجواتا تھا جبکہ کراچی میں چھپے ہوئے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بھی مالی مدد کرتا تھا، ایئر پورٹ تھانے کی حدود شاہراہ فیصل فلک ناز اپارٹمنٹ کے قریب شاہ لطیف تھانے کی خلد آباد چوکی کی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران 30 سالہ شخص کو ہلاک کرکے اس کے قبضے سے طلائی زیورات، خاتون کا پرس، پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔