اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد پوری قوم نے متحد ہو کر دہشتگردی کو شکست دی۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں افغانستان سے بھی مریض آئیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے 6 سال قبل پیش آنے والے دل سوز سانحہ اے پی ایس پر بھی بات کی اور کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول پر آج بھی دل افسردہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کو متحد کیا، دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہوئی اور اسے شکست دی۔
خیال رہے کہ 6 سال قبل علم دشمنوں نے معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا تھا اور 16 دسمبر 2014 کو مہاجرین کے روپ میں پاکستان داخل ہونے والے سفاک دہشتگردوں نے مقامی افراد کی مدد سے آرمی پبلک سکول پر حملہ کیا تھا اور حصول علم میں مگن بچوں پر فائرنگ کی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے اسکول کا گھیراؤ کیا اور خود کار اسلحے سے لیس کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 خود کش حملہ آوروں کو طویل آپریشن کے بعد ہلاک کیا تھا۔
6 گھنٹے سے زیادہ کے آپریشن کے بعد اسکول کو کلئیر کیا گیا، سانحہ اے پی ایس میں بچوں سمیت تقریباً 150 افراد شہید ہوئے تھے۔