چارسدہ (جیوڈیسک) چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پشاور کی جامعات کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی جبکہ صوابی اور مردان کی یونیورسٹیوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا۔
پشاور یونیورسٹی میں طلباء نے چارسدہ یونیورسٹی پر حملے کے خلاف احتجاج بھی کیا۔چارسدہ میں یونیورسٹی کو نشانہ بنانے کے بعد قریبی اضلاع مردان اور صوابی میں یونیورسٹیوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا۔
پشاور یونیورسٹی میں طلبہ نے حملے کو غیر انسانی عمل قرار دیا اور اس کے خلاف احتجاج بھی کیا۔باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد جامعہ پشاور،زرعی یونیورسٹی ،انجینئرنگ یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات کی بھی سیکیورٹی سخت کر دی گئی،تاہم طلباء نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پشاور یونیورسٹی کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے انجینئرنگ یونیورسٹی جلوزئی کیمپس کو بھی بند کر دیا گیا، یہ بند کی جانے والی یونیورسٹیاں بھی باچا خان یونیورسٹی کی طرح مضافاتی علاقوں میں واقع ہے۔